کھیوڑہ میں شہریوں کا پولیس کے خلاف احتجاج

کھیوڑہ( راجہ فیاض الحسن) کھیوڑہ میں شہریوں کا پولیس کے خلاف احتجاج۔ چوکی کے سامنے دھرنا دیا اور مرکزی شاہراہ بند کر دی۔تفصیلات کے مطابق آج کھیوڑہ میں صبح کے وقت پولیس نے قتل اور اقدامِ قتل کے اشتہاری ملزم کی تلاش میں محلہ داؤدال میں ایک گھر میں چھاپا مارا۔اہلِ محلہ کا بیان ہے کہ یہ چھاپا تھانہ پنڈ دادن خان کی پولیس نے مارا۔ جس کی قیادت SHO خود کر رہے تھے۔انھوں نے الزام لگایا کہ پولیس بغیر لیڈی پولیس کے گھر میں داخل ہو گئی اور اس نے نہ صرف چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا بلکہ خواتین پر تشدد بھی کیا۔جس کے نتیجہ میں بقول اہلِ محلہ دو خواتین زخمی ہو گئیں۔ اہلِ محلہ نے ان شکایات کی بنیاد پر پولیس کے خلاف جلوس نکالا، کھیوڑہ پولیس چوکی کے سامنے دھرنا دیا ۔پنجاب پولیس کے خلاف شدید نعرہ بازی کی اور شہر کی مرکزی شاہراہ بند کر دی۔ جس کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔اور مسافروں کو بہت تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔مظاہرین میں خواتین کی بھی قابلِ ذکر تعداد شامل تھی۔ احتجاجیوں اور پولیس کے درمیان طویل مذاکرات اور قانونی کاروائی کی یقین دہانی کے بعد احتجاجی منتشر ہو گئے۔