انسان ہمیشہ سے دھوکہ میں ہے کہ وقتی لمحاتی لذات کی خاطر اللہ کریم کی نافرمانی کر جاتا ہے ،مولانا امیر محمد اکرم

انسان ہمیشہ سے دھوکہ میں ہے کہ وقتی لمحاتی لذات کی خاطر اللہ کریم کی نافرمانی کر جاتا ہے ۔
رشوت لے لیتا ہے بے ایمانی کر جاتا ہے ۔باقی رہ جانے والی چیز انسان کا کردار ہے . ہر چیز فنا ہو جائیگی یہ دنیا چھن جانی ہے ۔ ان خیا لا ت کا اظہار شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ مولانا امیر محمد اکرم اعوان نے جمعتہ المبارک کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ناشکری اور نافرمانی غضب الٰہی کو دعوت دیتی ہے اطاعت اور فرمانبرداری رحمت الٰہی کو دعوت دیتی ہے ۔جس دنیا کے پیچھے لگ کر ہم اللہ کی نافرمانی کررہے ہیں اس کا نام و نشان ختم ہو جائے گا۔لیکن جمال الٰہی ہمیشہ باقی رہے گا۔کائنات کا ہر ذرہ توازن میں ہے سورج ،چاند، ستارے توازن کے ساتھ ہیں۔انسانی کردار میں بھی توازن ہونا چاہیے کمی بیشی نہیں ہونی چاہیے ۔دولت جس کی خاطر انسان اطاعت چھوڑ دیتا ہے عبادات چھوڑ دیتاہے وہ تمام دولت ہرگز اس کے کام نہ آئے گی ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کریم بڑے احسان کرنے والے ہیں کہ انسان کو راہنمائی سے محروم نہ رکھا بلکہ وقتاً فوقتاً انبیاء مبعوث فرمائے جو لوگوں کے ٹوٹے دلوں کو جوڑتے ہیں ان قلوب میں نور نبوت انڈیلتے ہیں۔اور اب بھی ایسے لوگ موجود ہیں جو کہ نور نبوت کو تقسیم کر رہے ہیں ایسے لوگوں کو تلاش کرنا چاہیے ۔اللہ کریم صحیح شعور عطا فرمائیں ۔