ضلع کونسل ہال جہلم میں دودھ کانفرنس

جہلم(نمائندہ جہلم جیو)ڈی سی اواقبال حسین خان کی ہدایت کے مطابق ضلع کونسل ہال جہلم میں دودھ کانفرنس منعقد کی گئی۔اس موقع پر ا ے ڈی سی احمد نائک نے کہا ہے کہ دودھ بنیادی انسانی ضرورت ہے، شہریوں کے تعاون سے دودھ میں ملاوٹ کرنیوالوں کو بے نقاب کرکے کڑی سزا ئیں دی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے لائیو سٹاک ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام دودھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈائریکٹر لائیو سٹاک راولپنڈی ڈویژن ڈا کٹرغلام حسین بھٹا، ای ڈی او ایگریکلچر ڈاکٹر شیخ محمد لئیق،ای ڈی او فنانس ڈاکٹر محمد عابد اورڈی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد خالد و دیگر نے بھی اظہار خیال کیا جبکہ کانفرنس میں ڈاکٹرز، کسانوں سمیت دودھ کی پیداوار سے استعمال کرنیوالے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ا ے ڈی سی احمد نائک کہا کہ دودھ میں ملاوٹ کے مذموم کاروبار کی روک تھام کیلئے شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے، شہری سے دودھ میں کیمکل، پاؤڈر، یوریا اور دیگر خطرناک اجزا کی ملاوٹ کرنیوالوں کی نشاندہی کریں ، کامیاب ریڈ پر نشاندہی کرنیوالو ں کو انعام دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع جہلم میں دودھ میں ملاوٹ کرنیوالوں کے خلاف کاروائی کیلئے اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں پہلے ہی ٹیمیں کام کررہی ہیں اور کیمکل سے تیار کردہ اور ملاوٹ شدہ دودھ ضائع کرکے اس کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں شہریوں کو بہترین دودھ کی فراہمی کیلئے ضلع میں ماڈل شاپس کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے ۔ڈائریکٹرلائیوسٹاک ڈاکٹرغلام حسین بھٹا نے کہا کہ کیمکل ، پاوڈر، یوریا جیسے خطرنا ک اجزا سے تیار کردہ دودھ انسانی گردوں اور جسمانی صحت کیلئے نہایت خطرناک ہے، اس مکروہ دھندے کی روک تھام کرکے شہریوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے ساتھ صحت کے بجٹ کو کم اور دیگر فلاحی منصوبوں کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ڈی او ایگریکلچر ڈاکٹر شیخ محمد لئیق نے کہا کہ دودھ ایک مکمل غذا ہے تاہم خطرناک اجزا سے تیار کردہ ڈبے کا دودھ کینسر، گردے اور دیگر خطرناک بیماریوں میں اضافہ کا باعث بن رہا ہے جس کے حوالے سے شہریوں میں آگاہی نہایت ضروری ہے، ملاوٹ کرکے دودھ فروخت کرنے والے اور کیمکل و پاؤڈر استعمال کرکے دودھ گاڑھا کرنیوالے انسانی صحت سے کھیل رہے ہیں جن کے خلاف سخت ترین ایکشن لیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کسانوں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد پر زور دیا کہ وہ خالص دودھ کے حصول کیلئے مویشی بانی پر توجہ دیں ۔اس موقع پر ا ے ڈی سی احمد نائک، ڈی او سی محمد کاشف ، ای ڈی او ایگریکلچر ڈاکٹر شیح محمدلئیق،ڈائریکٹرلائیوسٹاک ڈاکٹرغلام حسین بھٹا، ای ڈی او فنانس ڈاکٹر محمد عابد اورڈی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد خالد موجود تھے۔