کشمیرکا آزاد ہونا اٹل ہے۔ جسے دنیا کی کوئی بھی طاقت روک نہیں سکتی ۔ ،عبدالرحمن بٹ

مری(عثما ن علی سے)کشمیرکا آزاد ہونا اٹل ہے۔ جسے دنیا کی کوئی بھی طاقت روک نہیں سکتی ۔ شکست ہندسامراج کا مقدر ہے۔ ان خیالات کا اظہار ممتاز کشمیری راہنما عبدالرحمن بٹ نے تقریبات نیشنل ایکشن پلان کے تحت بھارتی افواج کے کشمیر پر غاصبانہ قبضے کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر مری آرٹس کونسل کے زیراہتمام منعقدہ مجلس مذاکرہ کے اختتام پر اپنے خطاب میں کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی محمد فاروق شاہ سابق ایم ایل اے آزادکشمیر تھے جنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیر کی آزادی کی لہر ایک نئے دور میں شامل ہوچکی ہے جو انشاء اللہ کامیاب ہوگی۔ ڈائریکٹر آرٹس کونسل محمد ابرار عالم نے اپنے ابتدائیہ میں تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا آج کی تقریب میں تمام سیاسی و سماجی تنظیموں کے لوگوں کی موجودگی اس بات کی غماز ہے کہ کشمیر ہمارا ایمان ہے۔ دیگر مقررین میں مرزا سہیل بیگ ، پرویز میر، شفیق وانی، ساجد قریشی، مسعود بٹ ، غلام معین الدین پرے، مظہر محمود عباسی، پرویز میر، اور ممتاز کشمیری بزرگ ماموں عبداللہ شامل تھے۔ تمام اس بات پر متفق تھے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ اور ہم سب مل کر کشمیریوں کو حق خودارادیت دلوائیں گے۔ تقریب میں تمام مکتبہ ہائے فکر کے لوگوں کی شرکت تھی جن میں کثیر تعداد خواتین کی تھی اور آرٹس کونسل کو کامیاب تقریب کے انعقا د پر مبارکباد دی۔ تقریب کے اختتام پر شہدائے کشمیر اور سانحہ کوئٹہ کے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔