جہلم میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ وقت کی اہم ضرورت ہے،ارشد محمود

جہلم(عبدالغفوربٹ)جہلم میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ وقت کی اہم ضرورت ہے جس طرح کہ جہلم میں میڈیکل کالج کے قیام کیلئے تمام مکاتب فکر کے لوگوں کی مختلف تنظیموں بشمول جہلم چیمبر�آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی طرف سے پرزور مطالبہ کیا جارہا ہے، اس طرح جہلم میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ وقت کی اہم ضرورت ہے ،ان خیالات کااظہار جہلم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری صدر ،انڈوز ڈسٹرکٹ گورنر لائن ارشد محمود نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت اسلام آباد ،سیالکوٹ حتیٰ کہ لاہور ایئرپورٹ سے تمام ممالک کیلئے بالخصوص یو کے اور عمرہ کیلئے جانے والے مسافر کی کثیر تعداد ضلع جہلم سے ہے جس کا تناسب کم و بیش 60فیصد بنتا ہے اب جبکہ اسلام آباد ایئرپورٹ بھی بہت دور جارہا ہے تو جہلم میں ایئرپورٹ کی شدید ضرورت ہے جس کیلئے سٹرکچر اور رن وے تک دستیاب ہے ،ہمارا پرزور مطالبہ ہے کہ میرپور آزاد کشمیر دینہ سوہاوہ جہلم سرائے عالمگیر اور ملحقہ تمام دیہات جہاں کی نصف سے زیادہ آبادی بیرون ملک مقیم ہے کو یہاں ایئرپورٹ کی سہولت ملنی چاہیے ایئرپورٹ کی تکمیل کے بعد یقیناًجہلم ایئرپورٹ بہت مصروف ایئرپورٹ ہوگا اور اسکی وجہ سے یہاں کی فیملیوں کو بہت آسانی ہو گی جو رات کے اندھیروں میں اپنے پیاروں کو دور ایئرپورٹس پر چھوڑنے اور لینے جاتے ہیں اور راستے میں مختلف تکالیف حادثات بے جا چیکنگ اور دھوکہ دہی کا شکار ہوتے ہیں۔انہوں نے حکومت پاکستان سے پرزور مطالبہ کیا کہ جہلم میں جلدازجلد ایئرپورٹ کا قیام عمل میں لایا جائے۔