چربی بھری دوہری ٹھوڑی سے نجات کی آسان ورزشیں

لندن: آئینے میں دوہری ٹھوڑی دیکھ کر ہمیشہ خیال آتا ہے کہ اس سے کیسے چھٹکارا پایا جائے۔ انگریزی میں ڈبل چِن کہلانے والی یہ کیفیت آپ کی خوبصورتی کو متاثر کرتی ہے۔
وقت کے ساتھ ساتھ موٹاپے اور فربہی سے ٹھوڑی کے نیچے چربی جمع ہونا شروع ہوجاتی ہے۔ دو ٹھوڑیوں کی کئی وجوہ ہوسکتی ہیں جن میں عمر رسیدگی، موٹاپا ، غذائی عادات اور جینیاتی پہلو بھی شامل ہیں۔
ماہرین نے کہا ہے کہ اگر آپ کےاٹھنے بیٹھنے کا انداز درست نہیں ہے تو اس سے بھی ٹھوڑی اور گردن کے پٹھے کمزور ہوسکتے ہیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ ان کی چربی دوہری شکل اختیار کرلیتی ہے۔
چند اہم ورزشیں
ماہرین نے بعض اہم ورزشیں بتائی ہیں جن سے گردن اور ٹھوڑی کے اطراف کی چربی کم ہوتی ہے اور دھیرے دھیرے آپ کی ٹھوڑی خوبصورت شکل اختیار کرسکتی ہے جنہیں آگے بیان کیا جارہا ہے۔ تاہم اس سے پہلے وارم اپ کرنا نہ بھولیے۔
وارم اپ ورزش
گردن کو وارم اپ کرنے کے لیے سر کو ہاں کے انداز میں اوپر اور نیچے کی جانب ہلائیں اسی طرح سر کو آگے اور پیچھے کی جانب کیجئے۔ اسے گول دائرے کی شکل میں لگا کر دائیں سے بائیں اور بائیں سے دائیں ہلائیں۔ اس طرح کچھ سیشن کیجئے اور اب آپ ورزش کے لیے تیار ہیں۔
چھت کو دیکھ کر سیٹی بجائیں
اس گردن کو مضبوط بنانے والی یہ ورزش آپ دفتر یا کرسی پر بیٹھ کر بھی کرسکتے ہیں۔ کرسی پر سیدھے بیٹھ جائیں اور شانوں کو آرام دہ انداز میں رکھئے۔
گردن پیچھے لے جائیں اور چھت کو دیکھیں۔ اسی پوزیشن میں رہتے ہوئے ہونٹوں کو اس طرح بند کیجئے جس طرح سیٹی بجاتے ہیں۔ ہونٹ کو آرام دہ پوزیشن میں رکھیں لیکن اس پر کچھ تناؤ لائیں تاکہ آپ گردن کے دونوں جانب سے تناؤ محسوس کرسکیں۔
اسی پوزیشن میں 10 سے 20 سیکنڈ تک انجام دیجیے اور ایک وقت میں دس مرتبہ یہ عمل دوہرائیں۔
آسمان کو چومنا
اس عمل میں ہونٹوں کو چہرے سے جتنا دور لے جاسکتے ہیں لے جائیں ۔ یہ ورزش پچھلی ورزش جیسی ہے لیکن تھوڑی مختلف بھی ہے۔

پورے قد کے ساتھ سیدھے کھڑے ہوجائیں بازو اور کندھے آرام دہ حالت میں رکھیں۔ سر کو پیچھے لے جاکر چھت کو دیکھیں اور ہونٹوں کو جہاں تک دور لے جاسکیں، لے جائیں اور آسمان کو چومنے کی کوشش کیجئے۔ اسے درست انداز میں ادا کرنے سے گردن اور ٹھوڑی کھنچ جائے گی اور اس پوزیشن کو 5 سے 20 سیکنڈ تک رکھیں اور ریلیکس ہوجائیں۔ یہ ورزش 10 سے 15 مرتبہ دوہرائیں۔
گیند کو بھینچنا
ایک نرم گیند لیجئے جسے نرمی سے بھینچا جاسکے۔ یہ گیند اپنی ٹھوڑی کے نیچے جمائیے اور گیند کو آگے اور پیچھے کیجئے اور ہر نشست میں اسے 10 سے 30 مرتبہ دوہرائیے۔
چیونگم چبائیں
اگرچہ اس کا اثر کم ہوتا ہے لیکن چیونگم کھانے سے ٹھوڑی کی چربی کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ کھانے کے بعد چیونگم چبائیں اس کیلوریز جلتی ہیں اور اضافی کھانے کی طلب بھی کم ہوجاتی ہے۔ پھر چیونگم جبڑے اور چہرے کے پٹھوں کو بھی بہتر کرتی ہے۔
شیر کی جماہی
آئینے کے سامنے جائیں اور منہ کو پوری طرح کھولیے اور اب زبان جس قدر ممکن ہو باہر نکال کر نیچے لے جائیں۔ اسے شیر کی جماہی والی ورزش کہا جاتا ہے۔ یہ ایک اچھا عمل ہے جو چہرے، ٹھوڑی اور گردن کے عضلات کو بہتر بناتا ہے۔

دس سیکنڈ تک یہ عمل کیجئے اور رک جائیں ۔ اب اس عمل کو 10 مرتبہ دوہرائیں۔