ڈپٹی کمشنر جہلم اقبال حسین خان کا شہر کے نشیبی علاقوں کا دورہ

جہلم(عبدالغفوربٹ)ڈپٹی کمشنر جہلم اقبال حسین خان نے شہر کے نشیبی علاقوں کا دورہ کیا اور میونسپل کمیٹی کو بہتر کردگی کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے مختلف جگہوں سے پانی کی نکاسی کی نگرانی کی اور ایم سی جہلم کے عملہ کو ہدایت کی کہ شہر کے نشیبی علاقوں پر خصوصی توجہ دیں اور اگر کسی جگہ بارش کے پانی کے جمع ہونے کی اطلاع ملے تو اس کی فوری نکاس کا بندوبست کیا جائے ۔ انہوں نے بنوہا نالہ بمبھر، گورااحمد بند کا دورہ کیا اور ہدایت دی کہ تما م نالوں اور سیورج کے نظام کی مسلسل صفائی کا انتظام کیا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ گورا احمد حفاظتی بند کی تعمیر کیلئے اریگیشن ڈیپارٹمنٹ ٹینڈرنگ کا عمل فوری مکمل کرکے تعمیراتی کا م کا آغاز یقینی بنائے۔ ایگزیکٹو انجینئر نے بتایا کہ رواں مالی سال کے دوران اس حوالے سے قابل ذکر پیشرفت کر لی جائے گی۔ بنوہا نالہ موضع بھمبر کے دورہ کے موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ انہار ڈیپارٹمنٹ بند کے کمزور حصوں کو فوری مضبوط بنائے وہ آئندہ ہفتے دوبارہ بند کا وزٹ کرکے کام کا جائزہ لیں گے۔ ڈپٹی کمشنر اقبال حسین خان نے نوگراں پل کے دورہ کے موقع پر ایس ڈی او ہائی وے کو ہدایت کی کہ پراجیکٹ پر جاری کام اسی ماہ ہر صورت مکمل کیا جائے۔انہوں نے شہریوں سے بارش کے پانی کی نکاسی اور سیورج کی صفائی کے متعلق دریافت کیا اور ان کی شکایات کے ازالہ کیلئے متعلقہ حکام کو موقع پر احکامات جاری کئے ۔