حسین نواز آج چھٹی بار جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونگے

اسلام آباد ( آن لائن ) وزیر اعظم نوازشریف کے بڑے صاحبزادے حسین نواز آج چھٹی بار جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونگے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے صاحبزادے حسین نوازپاناما لیکس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے روبرو دوپہر گیارہ بجے پیش ہونگے اور پچھلی پیشی کے بعد سے پیدا ہونے والے سوالات کے جوابات دیں گے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حسین نواز کی پیشی کے حوالے سے فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے باہر سیکیورٹی انتہائی سخت کر دی گئی ہے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جبکہ میڈیا کو بھی خارداد تاروں کے پیچھے تک محدود کر دیا گیا ہے۔
گزشتہ روز حسن نواز دوپہر گیارہ بجے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے تھے جس کے بعد دوپہر 3بجے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی حاضری تھی ۔ جے آئی ٹی نےکل مریم نواز کو بھی طلب کر رکھا ہے جس کے بعد 10جولائی کو مشترکہ تحقیقاتی ٹیم اپنی حتمی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائے گی ۔