محکمہ ہائی وے کے افسران کا دریائے جہلم پر ٹریفک پل کی تعمیرکے حوالہ سے تحصیل پنڈدادنخان اور ملکوال کے درمیانی علاقوں کا سروے

پنڈدادنخان(سکندر گوندل )محکمہ ہائی وے کے افسران کاصوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون چوہدری نذر حسین گوندل کے ہمراہ دریائے جہلم پر ٹریفک پل کی تعمیرکے حوالہ سے تحصیل پنڈدادنخان اور ملکوال کے درمیانی علاقوں کا سروے ،حکومت اگلے ماہ دریائے جہلم پر ٹریفک پل کی تعمیر شروع کروانا چاہتی ہے ایم پی اے و پارلیمانی سیکرٹری کی میڈیا سے گفتگو۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون وایم پی اے حلقہ پی پی 27 پنڈدادنخان نذر حسین گوندل نے ایکسئین ہائی وے منڈی بہاؤالدین محمد اشرف اور محکمہ کے دیگر افسران کے ہمراہ پنڈدادنخان اور تحصیل ملکوال کے درمیان دریائے جہلم پر ٹریفک پل کی تعمیر کے حوالہ سے مختلف مقامات کا سروے کیا ،سب سے پہلے مذکورہ ٹیم نے ہرن پور کے قریبی علاقہ چک نظام کا دورہ کیا اور اسکے بعد چک نظام سے مشرق کی جانب 6 کلومیٹر کے فاصلے پر عادووال گاؤں کے بیلہ اور ملکوال کے شمالی حصہ کا وزٹ کیا۔تیسرا سروے تحصیل پنڈدادنخان کے علاقہ چک حمید اور فتح آباد سے ملکوال کے درمیانی علاقہ کا کیا گیا ۔صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون نذر حسین گوندل نے اس موقع پر میڈیا کو بتایا کہ دریائے جہلم پرٹریفک پل کی تعمیر جلد شروع ہونے والی ہے اور پل کے حوالہ سے دریا میں جن تین جگہوں کا سروے کیا گیا اس میں یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ ٹریفک پل سے ملحقہ ملکوال اور پنڈدادنخان کی سڑکوں کا نقشہ کیا ہو گا اور جہاں سڑکیں بنائی جائیں گی ان رستوں پر کیا کیا رکاوٹیں ہیں، دریا کی چوڑائی کہاں سے کتنی ہے اور بیلہ میں موجود آبادی کا تناسب کیا ہے ،نذر حسین گوندل نے بتایا کہ مذکورہ جگہوں کے سروے اور تمام صورت حال کے حوالہ سے پراونشل ہائی وے،محکمہ انہار اور دیگر متعلقہ محکمے رپورٹ تیار کر رہے ہیں تا کہ جلد از جلد ٹریفک پل کی تعمیر کا کام شروع کروایا جا سکے۔اس موقع پر سابق ضلعی نائب ناظم چوہدری انتصار آف کھوتھیاں جالپ بھی موجود تھے۔