ریسکیو 1122کی موٹروئے پویس اور پنجاب پولیس کے ساتھ ملکر آئل ٹینکر کو لگی آگ پر قابو پانے کی فرضی مشق

جہلم(عبدالغفوربٹ):ریسکیو 1122نے سوہاوہ میں موٹروئے پویس اور پنجاب پولیس کے ساتھ مل کر آئل ٹینکر کو لگی آگ پر قابو پانے کے لئے فرضی مشق کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ، ڈی ایس پی موٹروئے ، ڈی ایس پی سوہاوہ، اور ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر محمد احسان ریسکیو 1122 موجود تھے ۔اس فرضی مشق کا مقصد کسی بھی حادثے خصوصاً آئل ٹینکر کے الٹنے سے پیدا ہونے والی صورت حال پر قابو پانے کے لئے امدادی ٹیموں کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے ۔اس سلسلے میں سوہاوہ میں جی ٹی روڈ پر آئل ٹینکر کو لگی فرضی آگ کی اطلاع پر ریسکیو1122نے فورًا ریسپانس کرتے ہوئے سب سے پہلے ایمرجنسی ایریا کو کارڈن آف کیا تا کہ غیر متعلقہ افراد کو ایمرجنسی ایریا سے دور رکھا جا سکے ، اس کے بعدآگ پر قابو پانے کا عملی مظاہرہ کیا۔اس آپریشن میں ریسکیو فائر وہیکل اور ریسکیو ایمبولینس نے حصہ لیا۔ ممکنہ زخمی ہونے والے افراد کو موقعہ پر ابتدائی طبی امداد دیتے ہوئے ہسپتال شفٹ کرنے کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔ موقعہ پر موجود شہریوں نے ریسکیو 1122کے بروقت ریسپانس اور تربیت یافتہ ریسکیو سٹاف کے عملی مظاہرے کو خوب سراہا۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر فیصل محمود نے اس موقعہ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا، کہ ریسکیو 1122 فائر فائیٹنگ کے جدید آلات سے لیس ہے اور ریسکیو سٹاف کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کے لئے مکمل تربیت یافتہ ہے ۔