شاہ رخ خان نے اپنی زندگی کے رازوں سے پردہ اٹھادیا

ممبئی: بالی ووڈ کے کنگ کہلانے والے اداکار شاہ رخ خان نے مداحوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ان سے متاثر ہوکر ایسی حرکتیں کبھی نہ کریں جو وہ اپنی فلموں میں کرتے ہیں۔
اپنے تازہ انٹرویو میں شاہ رخ خان نے کہا کہ فلموں میں جیسے وہ نظر آتے ہیں یا جس طرح کے کردار کرتے ہیں، حقیقی زندگی میں ان کی شخصیت اس کے بالکل برعکس ہے۔ بالی ووڈ میں شاہ رخ خان کو رومانس کا بادشاہ سمجھا جاتا ہے لیکن خود شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ وہ اصل زندگی میں بالکل بھی رومینٹک نہیں ہیں اور نہ ہی کھل کر اپنے احساسات و جذبات کا اظہار کرپاتے ہیں۔
شاہ رخ نے کہا کہ آپ لوگوں نے فلموں میں دیکھا ہوگا کہ میں ایک لڑکی سے محبت کا اظہار کرنے کے لیے لاکھوں جتن کرتا ہوں، دوسرے ملک تک کا سفر کرلیتا ہوں لیکن حقیقی زندگی میں ایسا بالکل نہیں، رشتے نبھانے، اپنے جذبات، محبت اور دکھ کا اظہار کرنے میں میں بالکل صفر ہوں۔
کنگ خان نے کہا کہ وہ تنہائی پسند اور افسوسناک حد تک جذبات کو چھپا کر رکھنے والے شخص ہیں،یہی وجہ ہے کہ انہوں نے فلموں میں ایسے کرداروں کو بھرپور طریقے سے ادا کیا جو محبت کے اظہار اور اپنے احساسات کو بیان کرنے کا تقاضہ کرتے تھے۔ شاہ رخ کے مطابق ہر اداکار ایسی فلمیں کرنا چاہتا ہے جو اس کی حقیقی زندگی سے ذرا مختلف ہوں لہٰذا انہوں نے بھی بے شمار رومانوی فلمیں کیں کیوں کہ حقیقی زندگی میں وہ ایسے بالکل نہیں ہیں اور آن اسکرین رومانس کرنا ان کے لیے انتہائی مشکل کام ہوتا ہے۔
آخر میں اپنے مداحوں کو مشورہ دیتے ہوئے شاہ رخ خان نے کہا کہ فلموں میں انہوں نے جیسی حرکتیں کیں وہ اصل زندگی میں کبھی نہ کرتے۔ اپنی سپرہٹ فلم دل والے دلہنیا لے جائیں گے کے آخری سین کے حوالے سے بتاتے ہوئے شاہ رخ نے بتایا کہ اصل زندگی میں وہ ٹرین پر لٹک کر لڑکی کو ہاتھ بڑھانے کے بجائے چین کھینچ دیتے یا پھر اگلے اسٹیشن پر اتر کر ملاقات کرلیتے۔ اسی طرح انہوں نے کہا کہ اصل زندگی میں وہ کبھی بھی لڑکی کے ہونے والے شوہر کی پٹائی کرنا پسند نہیں کریں گے۔
فلم کچھ کچھ ہوتا ہے کا حوالہ دیتے ہوئے شاہ رخ خان نے کہا کہ جس طرح آخر میں انہوں نے عین شادی کے موقع پر کاجول سے جاکر اپنی محبت کا اظہار کیا تھا حالانکہ دولہا نیچے کھڑا تھا، حقیقی زندگی میں وہ ایسا سوچ بھی نہیں سکتے۔
شاہ رخ خان اپنی آنے والی فلم ’’جب ہیری میٹ سیجل‘‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں اور اس فلم میں انہوں نے اپنے سینے پر ایک ٹیٹو بنایا ہوا ہے البتہ ان کا کہنا ہے کہ حقیقت میں انہیں ٹیٹو بنوانے سے بہت ڈر لگتا ہے