شاہد خاقان عباسی کو نیا وزیراعظم بنائے جانے کا قوی امکان

اسلام آباد: نواز شریف کی نااہلی کے بعد مسلم لیگ (ن) کی جانب سے شاہد خاقان عباسی کو عارضی طور پر وزیراعظم بنائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاناما کیس میں نواز شریف کی نااہلی کے بعد مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں نواز شریف نے شہباز شریف کو وزیراعظم بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو وزیراعظم کا امیدوار بنانے سے قبل مسلم لیگ (ن) کی جانب سے عارضی طور پر وزیراعظم کے لئے مختلف ناموں پر غور کیا جا رہا ہے جن میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی ، خواجہ آصف اور شاہد خاقان عباسی کے نام شامل ہیں تاہم شاہد خاقان عباسی کو عارضی وزیراعظم کے لئے مضبوط امیدوار تصور کیا جا رہا ہے تاہم اس کا حتمی فیصلہ کل ہونے والے (ن) لیگ کے اہم مشاورتی اجلاس میں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے لارجر بینچ نے پاناما کیس میں متفقہ فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو نااہل قرار دیا جب کہ ان کے بچوں حسن، حسین اور مریم نواز، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر عباسی اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے کیسز فوری طور پر نیب کو بھیجنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔