جہلم میں ڈینگی کو کنٹرول کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے ،ڈپٹی کمشنر

جہلم(عبدالغفور بٹ)جہلم میں ڈینگی کو کنٹرول کرنے کے لئے ضلعی انتظامیہ اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے ، ضلع جہلم میں ڈینگی وائرس کا لاروا دو جگہ سے ملا وہاں پر ہماری ٹیم نے ایس او پیز کے مطابق اقدامات کرتے ہوئے بروقت سپرے کروایا۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر جہلم اقبال حسین خان نے ڈینگی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انکا کہنا تھا کہ عوام النا س کو بھی ڈینگی کے تدارک کے لئے کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔ عوام کو چاہیے کے وہ اپنے ارد گرد کے ماحول کو خشک اور صاف ستھرا رکھیں اور جہاں کہیں بھی گلی محلے اور کہیں بھی پانی کھڑاپایا جائے اس کی نکاسی کا انتظام کیا جائے اور متعلقہ محکموں کو فوری طور پر اس بارے آگاہ کیا جائے انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ گھروں میں مچھر مار سپرے کیا جائے اور گھروں کے اندر ایسی جگہوں جہاں کہیں مچھر کے پیدا ہونے کا اندیشہ ہے وہاں فوری طور پر سپرے کیا جائے ۔ اجلاس میں محکمہ صحت ،محکمہ تحفظ ماحولیات، لائیو اسٹاک، ایجوکیشن، میونسپل کمیٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اجلاس میں لائیو سٹاک آفیسر نے بریفنگ میں بتایا کہ ضلع میں کن کن جگہوں پر اس سلسلے میں اقدامات کئے جا رہے ہیں اور دیگر سرگرمیوں کے متعلق بریفنگ دی۔