مرحوم غلام قادر کو علاج کیلئے چھٹی نہ دینے پر ای ڈی او ہیلتھ کیپٹن (ر)ڈاکٹرمحمد آصف کے خلاف ضلع جہلم کے تمام فیلڈ ورکرز کا احتجاج

جہلم(عبدالغفور بٹ )مرحوم غلام قادر کو علاج کیلئے چھٹی نہ دینے اور تمام ملازمین کے ساتھ ہتک آمیز رویہ رکھنے پر ای ڈی او ہیلتھ کیپٹن (ر)ڈاکٹرمحمد آصف کے خلاف ضلع جہلم کے تمام فیلڈ ورکرز نے پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا اور ان کو فوری طور پر معطل کرکے انکوائری کا حکم دینے کا مطالبہ کیا کہ سیاسیوں کی ایماء پر محکمہ ہیلتھ کے ملازمین پر ظلم کرنے والے ای ڈی او کے خلاف وزیراعلیٰ پنجاب نوٹس لیں اور اس کی چھ سالہ غیر قانونی تقرری کو بھی ختم کیا جائے،اپنے مرے ہوئے ساتھی کے حق میں احتجاج کرتے ہوئے پیرامیڈیکل سٹاف کے ضلع کے تمام سکول ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن آفیسرز ویکسینٹرز،سی ڈی سی ورکرز،سینٹری پٹرولز،سینٹری انسپکٹرزاور دیگر ملازمین نے متفقہ طور پر یہ اعلان کیا کہ جب تک ہمارے فوت ہونے والے ساتھی کے ساتھ منصفانہ رویہ اختیار نہیں کیا جاتا اور دیگر ساتھیوں کے ساتھ متعصبانہ رویہ ترک نہیں کیا جاتا ہمارا احتجاج کام چھوڑ ہڑتال پر جا سکتا ہے۔ان خیالات کااظہار وہاں موجود سکول ہیلتھ نیوٹریشن آفیسر اینڈ صدر فیلڈ عملہ ضلع جہلم سیدہ ام لیلیٰ ،فوکل پرسن احسان اللہ خان نے مشترکہ طور پر سب ساتھیوں کی حمایت سے یہ اعلان کیا۔کہ ہم سب متحد ہیں اور آئندہ بھی کسی بھی ساتھی کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے موقع پر ہم اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے اس کے دکھ سکھ میں برابر کے شریک ہوں گے،ہمارے مرنے والے ساتھی بھائی غلام قادر مرحوم کے تمام واجبات اور اس کو ملنے والی مراعات کو باعزت طریقے سے ادا کرنے کے بعد ہم اپنے فرض سے شبکدوش ہوں گے یہ وقت کسی پر بھی آسکتا ہے اور افسروں کی یہی روش رہی تو اس طرح محکموں کا چلنا مزید مشکل ہو جائیگا۔جب تک افسر اور ورکر کے درمیان اعتماد کار شتہ قائم ہے یہ محکمے خوش اسلوبی سے چلتے ہیں۔جوں ہی ان کے درمیان دراڑیں پڑ جاتی ہیں تو چلتے ہوئے راستے بھی بند ہو جاتے ہیں۔فیلڈ سٹاف ضلع جہلم کی طرف سے غیر معینہ مدت تک کااحتجاج کا اعلان کر دیا گیا اور خصوصاً ای پی آئی سے متعلقہ کوئی بھی کام ضلع بھر میں نہیں کیا جائیگا جب تک ای ڈی او ہیلتھ کیپٹن(ر)ڈاکٹر محمد آصف کو معطل نہیں کیا جاتا اوران کی فرعونیت کو ختم نہیں کیا جاتا۔ارباب اختیار سے مخلصانہ اپیل کی جاتی ہے کہ فوری طو رپر ہمارے مطالبات منظور کیے جائیں۔