پی ایس ایل فائنل؛ ویوین رچرڈز لاہور آنے کیلیے تیار

شارجہ: ویوین رچرڈز پی ایس ایل فائنل کے لیے لاہور آمد پر تیار ہیں۔
سابق شہرہ آفاق ویسٹ انڈین کرکٹر ویوین رچرڈز نے کہا ہے کہ میری پاکستان کے ساتھ بڑی خوشگوار یادیں وابستہ ہیں، ماضی میں جب بھی وہاں کا ٹور کیا بہت پیار ملا، کراچی، لاہور، فیصل آباد اور ملتان سے لے کر پشاور تک میچز کھیلنے کے لیے جاتے رہے ہیں۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے مزیدکہا کہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ پی سی بی کو ہوم سیریز بھی نیوٹرل وینیوز پر کرانا پڑ رہی ہیں، پاکستان سپر لیگ کا لاہور میں فائنل تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوسکتا ہے۔ میری خواہش ہے کہ مستقل ایک ایسی فضا قائم ہوجائے کہ میزبان کرکٹرز کو بین الاقوامی میچز میں ہوم کراؤڈ کے سامنے کارکردگی دکھانے اور داد سمیٹنے کا موقع مل سکے۔ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں لیکن اسے نکھارنے کے لیے پلیئرز کو تسلسل سے ملکی میدانوں پر بھی کھیلنے کے مواقع ملنا چاہئیں، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم ’’انشاء اللہ‘‘ فائنل میں پہنچی تو مجھے اسکواڈ کے ہمراہ لاہور جانے میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔