پی ایس ایل؛ 2 فرنچائزز نے سیکیورٹی پر تشویش کا اظہار کردیا

لاہور: پی ایس ایل اجلاس میں 2 فرنچائزز نے سیکیورٹی پر تشویش کا اظہار کردیا۔
پی ایس ایل مینجمنٹ اور فرنچائز مالکان کے اجلاس میں 2فرنچائز نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا لیکن بعد ازاں گورننگ کونسل کے سربراہ نجم سیٹھی نے ان کو قائل کرلیا جب کہ ویب سائٹ کرک انفوکے مطابق لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سمین رانا نے کہا کہ کرکٹرز کو تحفظ فراہم کیے جانے کا یقین لیکن شائقین کی سیکیورٹی کے بارے میں بھی فکر کرنا ہوگی،اس ایونٹ کی کامیابی عوام کی شمولیت کے بغیر ممکن نہیں، ان کا تحفظ یقینی بنانے کیلیے بھی ٹھوس اقدامات اٹھانا ہوں گے، اس سوال پر نجم سیٹھی نے بتایا کہ حکومت اور فورسز کی طرف سے ہرممکن سیکیورٹی یقینی بنائی جائے گی، ہمارے لیے ہر شخص کا تحفظ ضروری ہے۔
دوسری جانب کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا کہ اصولی طور پر متفق اور لاہور میں فائنل کے حوالے سے مثبت سوچ رکھتے ہیں لیکن کھلاڑیوں کو قائل کرنا پڑے گا، ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ کون سی ٹیمیں ٹائٹل میچ کھیلنے کا اعزاز حاصل کرتی ہیں لیکن ہماری طرف سے آمادگی کا اظہار کردیا گیا ہے، دونوں ٹیموں کیلیے صرف 8غیر ملکی کرکٹرز کی تو ضرورت ہوگی، میرے خیال میں ان کو قائل کرنا مشکل نہیں ہوگا، اگر کراچی کنگز فائنل میں پہنچے تو لاہور میں کھیلنے کیلیے تیار ہوں گے، امید ہے کہ تمام مراحل خوش اسلوبی سے طے ہوجائیں گے۔