سام سنگ کا ری فربشڈ نوٹ 7 اسمارٹ فون کم قیمت میں فروخت کا فیصلہ

سیئول: سام سنگ نے اپنے ری فربشڈ گیلکسی نوٹ 7 اسمارٹ فون غریب اور ترقی پذیر ملکوں میں رواں برس سے فروخت کے لئے پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سام سنگ نے ری فربشڈ گیلکسی نوٹ 7 اسمارٹ فون غریب اور ترقی پذیر ملکوں میں رواں برس جون سے فروخت کے لئے پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا مقصد سام سنگ کے خسارے کا ازالہ کرنا ہے کیونکہ گزشتہ برس لانچ ہونے والے گیلکسی نوٹ 7 اسمارٹ فونز میں آگ لگنے اور بیٹری پھٹنے کے کئی واقعات کے بعد سام سنگ نے دنیا بھر سے یہ تمام اسمارٹ فونز واپس منگوا لیے تھے جن کی تعداد تقریباً 25 لاکھ بتائی جاتی ہے۔
محتاط تحقیق کے مطابق سام سنگ نوٹ 7 کی بیٹری میں خرابی تھی جو زیادہ چارج ہونے پر دھماکے سے پھٹ جاتی تھی یا پھر آگ پکڑ لیتی تھی، اندازہ ہے کہ ان موبائل فونز کی چیکنگ کے دوران 2 لاکھ کے لگ بھگ نوٹ 7 اسمارٹ فونز تباہ کیے گئے لیکن سام سنگ کے پاس اب بھی ایسے 23 لاکھ سے زیادہ اسمارٹ فونز موجود ہیں جنہیں مناسب داموں ٹھکانے لگانے کےلیے ری فربش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ری فربشڈ گیلکسی نوٹ 7 میں پرانی اور طاقتور 3500 ایم اے ایچ بیٹری کی جگہ قدرے کمزور 3000 ایم اے ایچ بیٹری لگائی گئی ہے جس سے اسمارٹ فون چارج رہنے کا دورانیہ ضرور کم ہوجائے گا لیکن فون کے پھٹنے یا آگ پکڑنے کا خطرہ نہیں رہے گا۔ اس کے علاوہ فون کے باقی تمام فیچرز تقریباً ویسے کے ویسے ہی رہنے دیئے گئے ہیں۔