100قدیم زبانوں پر عبور رکھنے والا غیرمعمولی شخص

روم: ریکارڈو برتانی کا تعلق اٹلی کے کسان گھرانے سے ہے جسے حیران کن طور پر دنیا کی قدیم 100 زبانوں پر عبور حاصل ہے۔
86 سالہ ریکارڈو برتانی اٹلی کے چھوٹے سے گاؤں کپرارا میں رہائش پذیر ہیں جنہوں نے ایک کسان کے گھر میں آنکھ کھولی۔ ریکارڈو کی خاص بات یہ ہے کہ انہیں دنیا کی 100 قدیم زبانوں پر عبور حاصل ہے اور اس سے بڑھ کر حیرانی کی بات یہ ہے کہ ریکارڈو نے یہ تمام زبانیں کسی اسکول یا استاد سے نہیں سیکھیں بلکہ از خود مطالعے کے شوق نے انہیں اس مقام تک پہنچایا۔
ریکارڈو برتانی نے پانچویں جماعت کے بعد اسکول کو خیرباد کہہ دیا تھا جس کی وجہ بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہیں ریاضی سے بہت نفرت تھی اور 86 سال کی عمر میں بھی انہیں جمع اور تفریق میں خاصی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن انہیں زبانیں سیکھنے کا شوق جنون کی حد تک ہے۔ ریکارڈو نے زبانیں سیکھنے کا آغاز بچپن میں روسی زبان سے کیا جس کے بعد انہوں نے یوکرین کی زبان سیکھی جس کے لئے انہوں نے کسی استاد کی مدد نہیں لی بلکہ ازخود کتابوں کے مطالعے سے نہ صرف زبانیں سیکھیں بلکہ اسی زبان میں کئی کتابیں لکھیں۔