مویشیوں سے میتھین کا اخراج کم کرنے کا آسان نسخہ دریافت

سڈنی: کامن ویلتھ سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ آرگنائزیشن آسٹریلیا کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مویشیوں کے چارے میں صرف 2 فیصد سمندری گھاس شامل کردی جائے تو اس سے فضا میں میتھین کے اخراج میں 70 فیصد تک کمی کی جاسکے گی۔
کاربن ڈائی آکسائیڈ کی طرح میتھین بھی ماحول کو گرمانے والی یعنی ’’گرین ہاؤس گیس‘‘ ہے؛ لیکن اس کے اثرات کاربن ڈائی آکسائیڈ کے مقابلے میں 36 گنا زیادہ ہیں۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر ہوا میں صرف ایک ٹن میتھین شامل ہوجائے تو اس کے گرمی پیدا کرنے والے اثرات 36 ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ جتنے ہوں گے۔
اندازہ لگایا گیا ہے کہ انسانی سرگرمیوں کے باعث ہر سال فضا میں شامل ہونے والی میتھین گیس کا 44 فیصد حصہ مویشیوں سے خارج ہوتا ہے جس کی مقدار 3 ارب 10 کروڑ ٹن بنتی ہے۔ یعنی اگر کسی طرح مویشیوں سے میتھین کا اخراج 70 فیصد تک کم کردیا جائے تو یہ عملاً ہر سال 2 ارب 70 کروڑ ٹن میتھین کو فضا میں داخل ہونے سے روکنے کے مترادف ہوگا۔
2015 میں آسٹریلوی ماہرین نے تجربات کے دوران معلوم کیا تھا کہ ’’سرخ الجی‘‘ کہلانے والی ایک قسم کی سمندری گھاس (seaweed) سے فضا میں میتھین کے اخراج میں 99 فیصد کمی واقع ہوتی ہے۔
بعد ازاں اسی تحقیق کو آگے بڑھاتے ہوئے کوینز لینڈ، آسٹریلیا کی جیمس کُک یونیورسٹی میں ماہرین کی ایک ٹیم نے اسی سمندری گھاس کی صرف 2 فیصد مقدار مویشیوں (بھیڑ اور گائے) کے چارے میں شامل کی اور ان سے میتھین کے اخراج میں ہونے والی تبدیلی کا جائزہ لیا۔ انہیں یہ جان کر خوشگوار حیرت ہوئی کہ سمندری گھاس کی اتنی معمولی مقدار سے میتھین کے اخراج میں 70 فیصد تک کمی واقع ہوئی تھی۔
سائنسدانوں نے دریافت کیا ہے کہ سرخ الجی میں ’’بروموفارم‘‘ (bromoform) نامی ایک مرکب موجود ہوتا ہے جو مویشیوں میں اندرونی طور پر میتھین گیس کے بننے میں رکاوٹ ڈالتا ہے۔
اب ان دریافتوں کی بنیاد پر آسٹریلیا میں وسیع پیمانے پر تجربات کی تیاری کی جارہی ہے؛ جن کے بعد میتھین کے اخراج میں کمی کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ یہ تجربات آئندہ برس شروع کردیئے جائیں گے۔
بتاتے چلیں کہ جامعہ کراچی میں ’’آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائیزیشن‘‘ (ORIC) میں پروفیسر ڈاکٹر عالیہ رحمان کی سربراہی میں سمندری گھاس کے تجارتی اور صنعتی استعمال کو فروغ دینے کا ایک منصوبہ کامیابی سے جاری ہے؛ جسے مذکورہ دریافتوں کی روشنی میں مزید وسعت دی جاسکتی ہے۔