اسسٹنٹ کمشنر جہلم کنول بتول نے مختلف علاقوں میں اچانک چیکنگ

جہلم(جہلم جیو۔ڈاٹ کام)اسسٹنٹ کمشنر جہلم کنول بتول نے مختلف علاقوں میں اچانک چیکنگ کے دوران شنواری ہوٹل کا کچن اور عبداللہ سوڈا فیکٹری کو سیل کر دیا ہے جبکہ صفائی کے ناقص انتظامات پر المدینہ ہوٹل اور 3بیکری مالکان پر 1لاکھ 60ہزا ر روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے ۔ ڈی سی او اقبال حسین خان کی ہدایت پر کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ کے تحت کریک ڈاؤن کے دوران اے سی جہلم نے جی ٹی روڈ پر شنواری ہوٹل کی چیکنگ کی جہاں صفائی کا نظام نہایت ناقص تھا ، ملازمین کے پاس ہیلتھ کارڈ بھی موجود نہ تھے۔ بعدازاں انہوں نے عبداللہ سوڈا فیکٹری مشین محلہ کو چیک کیا جہاں مضر صحت کیمیکل استعمال کئے جارہے تھے، حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق صفائی کے انتظامات موجود نہ تھے جس پر دونوں کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا۔ بعدازاں انہوں نے المدینہ ہوٹل، پنجاب بیکرز اور نیو بیکرز اور سویٹس پیلس کو چیک کیا جہاں صفائی کے انتظامات نہایت ناقص تھے اور ملازمین کے پاس ہیلتھ کارڈ بھی موجود نہ تھے ، بیکریوں سے زائد المعیاد اشیائے خورد و نوش بھی برآمد ہوئیں جس پر تینوں بیکرز اور ہوٹل کی انتظامیہ پر جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ ڈی سی او اقبال حسین خان نے کامیاب کاروائی پر اے سی جہلم کی کارکردگی کو سراہا ہے۔